03 Apr 2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حلقے کے تصدیق شدہ فارم 45 اور 47 کی فراہمی کی درخواست الیکشن کمیشن کو ارسال کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس عابد عزیز نے پی پی 159 سے ناکام امیدوار مہر شرافت کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کے روز درخواست گزار واضح برتری سے جیت رہا تھا، مبینہ طور پر نتائج تبدیل کرتے ہوئے ن لیگ کی امیدوار مریم نواز کو جتوا دیا گیا، اب تصدیق شدہ فارم 45 اور 47 فراہم نہیں کیے جا رہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ تصدیق شدہ فارم فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کے حلقے پی پی 159 کے تصدیق شدہ فارم 45 اور 47 کی فراہمی لیے دائر درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی۔