(ویب ڈیسک) ملک میں ٹرکوں کی فروخت میں فروری کے دوران ماہانہ بنیادوں پر اضافہ جبکہ بسوں کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق فروری میں ملک میں ٹرکوں کے 290 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری کے مقابلے میں 65 فیصد زیادہ ہے، جنوری میں ملک میں ٹرکوں کے 176 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں رواں سال فروری میں ٹرکوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 44 فیصد کی کمی ہوئی، فروری 2023 میں ٹرکوں کے 521 یونٹس فروخت ہوئے تھے، جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں ٹرکوں کے 1276 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2546 یونٹس کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق فروری 2024 کے دوران ملک میں بسوں کے 63 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری کے مقابلے میں 5 فیصد کم ہے، جنوری میں ملک میں بسوں کے 66 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں رواں سال فروری میں بسوں کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 54 فیصد کی کمی ہوئی، گزشتہ سال فروری میں بسوں کے 136 یونٹس فروخت ہوئے تھے، جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں بسوں کے 301 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 528 یونٹس کے مقابلے میں 43 فیصد کم ہے۔