(ویب ڈیسک) ایف بی آر نے ود ہولڈنگ ٹیکس چوری روکنے کیلیے نیا نظام ’سویپ پیمنٹ رسید سسٹم‘ متعارف کروادیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ود ہولڈنگ ٹیکس چوری روکنے اور ڈاکیومنٹیشن کو فروغ دینے ود ہولڈنگ ایجنٹس کی جانب سے اشیاء و خدمات کے سپلائرز سے کٹوتی کردہ ود ہولڈنگ ٹیکس براہ راست سرکاری خزانے میں جمع کروانے کیلیے نیا نظام ’سویپ پیمنٹ رسید سسٹم‘ متعارف کروادیا ہے، اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس رولز2002 میں ترامیم کردی ہیں۔
اس ترمیمی نوٹیفکیشن کے تحت ایف بی آر نے ود ہولڈنگ ٹیکس چوری روکنے اور ڈاکیومنٹیشن کو فروغ دینے ود ہولڈنگ ایجنٹس کی جانب سے اشیاء و خدمات کے سپلائرز سے کٹوتی کردہ ود ہولڈنگ ٹیکس براہ راست سرکاری خزانے میں جمع کروانے کو لازمی قرار دیدیاہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ود ہولڈنگ ایجنٹس کی جانب سے کٹوتی کردہ ودہولڈنگ ٹیکس اپنے پاس رکھنے کی بجائے فوری طور پر براہ راست سرکاری خزانے میں جمع کرنے کیلئے سویپ پیمنٹ رسید سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
اس سسٹم کے تحت نوٹیفائیڈ سویپ ود ہولڈنگ ایجنٹس کی جانب سے کی جانیوالی ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈ کردہ ٹیکس کی رقم ود ہولڈنگ ایجنٹس کے پاس جانے کی بجائے خودبخود براہ راست فوری طور پر سرکاری خزانے میں چلی جایا کرے گی۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹیکس ریونیو اور ٹکس نیٹ بڑھانا ہے اس نظام کے لاگو کرنے سے ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں ٹیکس وصولیاں بڑھیں گی اور دوسرا ڈاکیومنٹیشن بھی بڑھے کیونکہ پہلے ود ہولڈنگ ایجنٹس سپلائرز سے ود ہولڈ کیا جانے والا ٹیکس اپنے پاس رکھتے تھے اور ود ہولڈنگ ٹیکس اسٹیٹمنٹس و گوشواروں کے ساتھ ایف بی آر کو جمع کرواتے تھے لیکن نئے مجوزہ سسٹم کے تحت سویپ ایجنٹس کی طرف سے انوائسز کے اجراء کے ساتھ ہی ود ہولڈنگ ٹیکس کی رقم براہ راست سرکاری خزانے میں چلی جایا کرے گی۔