(لاہورنیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن دھڑے بندی کا شکار، دو روز قبل منتخب صدر شہلا رضا کو ہٹا کر وزیراعظم کے نامزد کردہ طارق بگٹی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر منتخب کردیا گیا۔
ہاکی فیڈریشن کانگریس کا خصوصی اجلاس پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا جس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں کانگریس کے 93 میں سے 62 ارکان نے طارق بگٹی کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے منتخب کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نومنتخب صدر طارق بگٹی نے کہا کہ متوازی فیڈریشن بنانے کی کوشش کرنے والوں سے پوچھ گچھ کریں گے، ایسی کوشش کرنے والوں کو صفائی کا ایک موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، ہاکی کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، عید کے بعد ہاکی کا بڑا ٹورنامنٹ کوئٹہ میں ہوگا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر منتخب کیا گیا تھا۔