(ویب ڈیسک)قومی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان اور آل راؤنڈر جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کےمطابق جویریہ خان نے 228 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کی اور 4 ہزار 903 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل تھیں جبکہ 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔جویریہ خان نے 15 سالہ ون ڈے کریئر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ میں کرونیگالا سری لنکا میں کیا تھا جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل کا آغاز 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا۔
جویریہ اس وقت پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں اور بسمہ معروف کے علاوہ ہر فارمیٹ میں 2 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر ہیں۔
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والی جویریہ خان نے کہا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور یہی وقت ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں ،تاہم میں لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہوں گی۔ میں اپنے پورے کریئر میں ملنے والی حمایت پر شکر گزار ہوں۔