(ویب ڈیسک) ملک میں تاجروں کو بجلی بلوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لانے کی اسکیم تیار کرلی گئی۔
تفصیلات کےمطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ریونیو اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے حوالے سے پرچون فروش تاجروں کے لیے ٹیکس اسکیم تیار کر لی، جس کے تحت 35 لاکھ تاجروں کو بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر تیار کی جانے والی مجوزہ اسکیم کے تحت ٹیکس اصل دکان مالک سے نہیں بلکہ وہاں کاروبار کرنے والے دکاندار سے اْس کی قابل ٹیکس آمدن پر وصول کیا جائے گا اورتاجروں کی سالانہ آمدن کو 12حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
مجوزہ اسکیم نئے مالی سال کے بجٹ سے پہلے لائی جا سکتی ہے،اسکیم پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔ اس کے علاوہ تاجروں سے ماہانہ ٹیکس بجلی بلز کے ذریعے وصول کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔ منظوری کی صورت میں بجلی کے بلز میں تاجروں کے لیے نیا کالم متعارف کرایا جائے گا۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کو مجوزہ پلان سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جس پر عملدرآمد سے ریونیو میں اضافہ، معیشت کو دستاویزی شکل ملے گی۔