(ویب ڈیسک) پی ایس ایل فرنچائز اونرز نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے سامنے اپنا بڑا مطالبہ دہرا دیا۔
محسن نقوی نے حکومتی معاملات سے فراغت کے بعد اب پی سی بی پر توجہ دینا شروع کر دی ہے، گزشتہ روز انہوں نے اسلام آباد میں پی ایس ایل فرنچائز اونرز کو ظہرانے پر مدعو کیا، اس موقع پر4 ٹیموں ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالکان موجود تھے.
پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے اونرز بیرون ملک مصروفیات کی وجہ سے نہیں آ سکے، پی سی بی کی جانب سے سلمان نصیر، نائلہ بھٹی و دیگر بھی شریک ہوئے۔
شرکا کے مطابق میٹنگ خاصی مثبت رہی اور ٹیم اونرز چیئرمین بورڈ کے وژن سے خاصے متاثر دکھائی دیے، انہوں نے مستقل مالکانہ حقوق کا اپنا دیرینہ مطالبہ بھی دہرایا۔
واضح رہے کہ آئندہ برس دسویں ایڈیشن کے بعد موجودہ فرنچائزز کی مدت مکمل ہو جائے گی، البتہ وہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق اضافی رقم ادا کرکے حقوق برقرار رکھ سکیں گی۔
چیئرمین نے اونرز سے کہا کہ جلد ہی ایک اور ملاقات کریں گے جس میں اس حوالے سے تفصیلی بات ہوگی،فرنچائزز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی الگ کمپنی بنانے کی بات بھی کہی جس میں محسن نقوی نے جواب دیا کہ وہ خود چاہتے ہیں لیگ کے معاملات میں مزید بہتری آئے، اس پر بھی بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ چند روز قبل ہی پی سی بی میں آئے، ابھی معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں،کچھ وقت میں نمایاں فرق نظر آئے گا۔
ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی میں کراؤڈ نہ آنے کے تاثر سے وہ متفق نہیں ہیں،البتہ حکومت سے بات کریں گے کہ سکیورٹی چیکنگ وغیرہ کے دوران شائقین کو زحمت سے بچایا جائے۔