پی ایس ایل9، گزشتہ روز بھی کراچی سٹیڈیم نہ بھرسکا،خالی کرسیاں تماشائیوں کی راہ تکتی رہیں
(ویب ڈیسک) کراچی میں چھٹی پر بھی سٹیڈیم کی خالی نشستیں تماشائیوں کی راہ تکتی رہیں، نیشنل اسٹیڈیم اتوار کے روز بھی نہ بھرسکا۔
تفصیلات کےمطابق پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں تماشائیوں کی تعداد خلاف توقع بہت ہی کم رہی، اتوار کے روز عام تعطیل ہونے کے باوجود تماشائیوں کا اسٹیڈیم نہ پہنچنا سوالیہ نشان بن کر رہ گیا۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق 32 ہزار کی نشستوں والے نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 10 ہزار کے لگ بھگ رہی۔ کرکٹ میچز کے موقع پر قومی لباس میں ملبوس نظر آنے والے مختلف کردار غائب رہے ،تاہم شاہ جی کرکٹ کے نام سے معروف کھیل کے دلدادہ اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر قومی جھنڈا لے کر نعرے لگاتے رہے۔
پی سی بی کے ذمہ داران اشیاء خورد و نوش کے نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوڈ ایریا میں سرگرم رہے، کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم کے اطراف سڑکوں پر روانی کو سہل بنانے کے لیے انتظامات کی کوشش کی گئی۔