(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کر دی۔
الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی اور پارٹی فہرست کی ابتدا میں فراہمی میں ناکامی کے باعث سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام خالی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا، مخصوص نشستیں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی ف کو دینے کی درخواست منظور کر لی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ 22 صفحات پر مشتمل ہے۔
سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر سنایا گیا تاہم مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینے کے فیصلے سے ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلاف کیا۔