سنی اتحاد کونسل کا کارکنان کی گرفتاریوں کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کا فیصلہ
لاہور: (لیاقت انصاری) سنی اتحاد کونسل نے وفاق کے بعد پنجاب میں بھی سیاسی محاذ گرم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے کارکنوں کی گرفتاریوں کا معاملہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اٹھانے کافیصلہ کیا ہے، سنی اتحاد کونسل نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ریکوزیشن جمع کروا دی۔
سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ایوان میں بحث کی جائے گی، اسمبلی اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال بھی زیر بحث لائی جائے گی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں مبینہ انتخابی دھاندلی اور 8 فروری کے بعد سے ملک کی تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال پر بھی ارکان اسمبلی ایوان کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔
اسمبلی قواعد و ضوابط کے مطابق سپیکر اپوزیشن کی درخواست پر 14روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔