(لاہور نیوز) سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کو عوام دوست بنانے کے لئے عوام سے تجاویز مانگ لیں۔
اپنے ایک بیان میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ میرا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ پنجاب اسمبلی عوامی مسائل کے حل اور مدلل بحث کے لیے ایک مقدس مقام ہے، عوام کو اسمبلی میں خوش آمدیدی رویہ محسوس ہونا چاہیے، اسمبلی کو مہمان نواز اور خوشگوار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کا ارادہ رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پہلے قدم کے طور پر میں نے پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی کے یونیفارم میں اہم تبدیلیوں کا عمل شروع کیا ہے،اسمبلی کو حقیقی معنوں میں لوگوں کی نمائندگی اور امنگوں کی عکاسی کرنے کے لیے مزید اقدامات کے حوالے سے عوام اپنی آرا سے مستفید کریں۔
سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ ہم کمانڈو نما لباس ، ڈرانے والا حلیہ تبدیل اور اسمبلی میں جدید اسلحے کی بے جا نمائش ختم کر رہے ہیں، ظاہری حلیہ اہم ہوتا ہے۔