(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 60 رنز سے شکست دیدی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔
215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور ریزا ہینڈرکس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد رضوان پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، عثمان خان نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ریزا ہینڈرکس اور افتخار احمد نے 40، 40 جبکہ طیب طاہر نے 21 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے جبکہ لاہور قلندرز صفر پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے۔