اپ ڈیٹس
  • 306.00 انڈے فی درجن
  • 595.00 گوشت مرغی
  • پولٹری
  • چینی یوآن قیمت خرید: 39.45 قیمت فروخت : 39.52
  • امریکن ڈالر قیمت خرید: 278.35 قیمت فروخت : 278.85
  • یورو قیمت خرید: 311.41 قیمت فروخت : 311.97
  • برطانوی پاؤنڈ قیمت خرید: 367.19 قیمت فروخت : 367.85
  • آسٹریلیا ڈالر قیمت خرید: 188.84 قیمت فروخت : 189.18
  • کینیڈا ڈالر قیمت خرید: 206.50 قیمت فروخت : 206.87
  • جاپانی ین قیمت خرید: 1.92 قیمت فروخت : 1.93
  • سعودی ریال قیمت خرید: 74.19 قیمت فروخت : 74.32
  • اماراتی درہم قیمت خرید: 76.31 قیمت فروخت : 76.45
  • کویتی دینار قیمت خرید: 911.31 قیمت فروخت : 912.95
  • کرنسی مارکیٹ
  • تولہ: 262700 دس گرام : 225200
  • 24 سونا قیراط
  • تولہ: 240807 دس گرام : 206432
  • 22 سونا قیراط
  • تولہ: 3116 دس گرام : 2674
  • چاندی تیزابی
  • صرافہ بازار
پنجاب گورنمنٹ

میرے دل میں انتقام اور بدلے کی کوئی تمنا نہیں: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب

26 Feb 2024
26 Feb 2024

(لاہور نیوز) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے چیمبر کے دروازے حکومتی و اپوزیشن اراکین کیلئے کھلے رہیں گے، میرے دل میں انتقام اور بدلے کی کوئی تمنا نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتےہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصب ملنے پر سر جھکا کر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے،ماضی میں ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، اللہ نے مشکل سے گزار کر عزت سے نوازا۔

"اپوزیشن تقریر کے دوران شور شرابہ کرتی تو خوشی ہوتی"

انہوں نے کہا کہ منصب کیلئے نامزد کرنے پر قائد نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں،  ہم سب جمہوری و سیاسی کارکن ہیں، ایوان جمہوریت کا پرچم سربلند رکھے گا، آج اپوزیشن یہاں موجود ہوتی تقریر کے دوران شور کرتی تو خوشی ہوتی، میں ان سب کی بھی وزیراعلیٰ ہوں جنہوں نے ووٹ دیا، ان کی بھی وزیراعلیٰ اور بہن ہوں جنہوں نے ووٹ نہیں دیا۔

"حکومتی و اپوزیشن اراکین کیلئے میرے دروازے کھلے رہیں گے"

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کے نہ ہونے کا افسوس ہے،ہم نے بطور جماعت کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا، میرے دل اور چیمبر کے دروازے اپوزیشن کیلئے بھی 24گھنٹے کھلے ہیں، میں پیپلز پارٹی کے دوستوں سے وعدہ کرتی ہوں جتنی ن لیگ کی وزیراعلیٰ ہوں اتنی آپکی بھی ہوں، میرے آفس کے دروازے پیپلز پارٹی کے دوستوں کیلئے بھی کھلے رہیں گے۔

"خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونا ملک کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کیلئے اعزاز ہے"

مریم نواز نے کہا کہ یہ پاکستان کی ہر بیٹی،بہن اور ماں کا اعزاز ہے کہ کرسی پر پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئی، میری خواہش ہے جب میری وزارت ختم ہوتو کوئی اور بھی خاتون یہ جگہ لے، میرے دل میں نہ انتقام کا کوئی جذبہ ہے نہ بدلے کا، مخالفین نے مجھے ظلم اور انتقام کا نشانہ بنایا انکی بھی شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ڈیتھ سیلز ،قید تنہائی جیسے مراحل سے گزر کر یہاں پہنچی ہوں، اپنے سامنے والد کو گرفتار ہوتے دیکھا، میں نے  اپنی ماں کو وفات پاتے دیکھا، مخالفین نے مجھے ایسی ٹریننگ سے گزارا جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر خاتون،بہن ،بیٹی اور ماں کی فتح ہے، عورت اور بیٹی ہونا آپکے خوابوں کی تعبیر میں رکاوٹ نہیں بنتا، اپنی مرحوم والدہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، اللہ میری والدہ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے، میری والدہ مجھے زندگی گزارنے کا طریقہ سکھا گئیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ والدہ نے مجھے تعلیم اور مشکلات کا سامنا کرنے کی ٹریننگ دی، والدہ کہا کرتی تھیں زندگی آسان نہیں، والدہ نے سکھایا کس طرح مضبوطی سے مشکلات کا سامنا کیا جاتا ہے، آج اپنی والدہ اور قوم کی تمام ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنے اساتذہ ،ہیڈماسٹرز کا بھی دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، پنجاب یونیورسٹی سے میں نے ماسٹرز کیا ،شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ آج پنجاب کے عوام اور آپ سب نے مجھے اس کرسی پر بٹھایا، اس کرسی پر نوازشریف جیسے لیڈر نے ترقی کی منازل طے کیں، اللہ نے نوازشریف کو جس اعزاز سے نوازا وہ کسی کے حصے میں نہیں آیا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

ان کا کہنا تھا  نوازشریف وہ واحد شخص ہے جس کو عوام نے 3بار وزیراعظم بنایا، آج مجھے والد نوازشریف کی پوری سپورٹ ہے، نوازشریف نے ساتھ بیٹھ کر اگلے 5سالہ پلان کو ترتیب دیا انہوں نے میری بہت رہنمائی کی۔

"میرا مقابلہ کسی مخالف سے نہیں جماعت میں بیٹھے سینئرز سے ہے"

سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ اس کرسی پر وہ بھی شخص رہا جس کو خادم اعلیٰ اور پنجاب سپیڈ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، شہبازشریف نے صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا، میرا مقابلہ کسی مخالف سے نہیں جماعت میں بیٹھے سینئرز سے ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوتھ میری بہت بڑی ذمہ داری ہے، میرے سامنے وہ چھوٹا کسان ہے جس کی وجہ سے معیشت چلتی ہے، چھوٹا کسان ہماری طرف دیکھ رہا ہے کہ پنجاب حکومت میرے پاس پہنچے، میرے سامنے مزدور کی آسودگی بھی ہے، گزشتہ 7سال میں ایک کٹھن وقت گزرا ہے، میں مشکلات اور مصائب سے گزری ہوں، مجھے مشکل حالات میں عام لوگوں سے بات چیت کا موقع ملا۔

"احساس ہے عوام ہم سے کیا توقعات رکھتے ہیں"

انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے لوگ ہم سے کیا توقعات رکھتے ہیں، میں حلف کے بعد اپنے دفتر جاؤں گی، منشور پر عملدرآمد آج سے شروع ہوگا، مجھے احساس ہے 5سال اور دن کے 24گھنٹے بہت تھوڑے ہیں، آج میرے سامنے وہ بچہ ہے جس کو تعلیم میسر نہیں، میرے سامنے وہ تعلیم یافتہ نوجوانوان بھی ہیں جن کے پاس نوکری نہیں، میرے سامنے وہ یتیم بچے بھی ہیں جن کے سروں پر چھت نہیں ہے، میرے سامنے وہ ہر ماں اور بچہ ہے جو غذائی کمی کا شکار ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے لیے سب قابل احترام ہیں، سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہوں، امید کرتی ہوں تفریق سے بالاتر ہوکر میری مدد کریں گے، میں حلقے کے عوام کیلئے اس ہی طرح دستیاب رہوں گی جس طرح ایم پی اے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

"پنجاب کو بزنس حب بنائیں گے"

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا اندازہ ہے ایک ایجنڈا ترتیب دیا ہے ،ہمارے پاس چھوٹے اور درمیانی کاروباری طبقے کے لیے ویژن ہے، ہم پنجاب کو بزنس حب بنائیں گے اور سہولیات دیں گے، کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں، حکومت کا کام پالیسی بنانا اور ماحول فراہم کرنا ہے، کاروبار کرنے والوں کو این او سی لینے میں کوئی دشواری پیش نہیں ہونی چاہیے۔

"کرپشن کیلئے زیرٹالرنس پالیسی ہے"

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکی ہوں میری کرپشن کیلئے زیرو ٹالرنس ہے، ہم شفاف نظام لائیں گے،کرپشن کی روک تھام کیلئے سسٹم لائیں گے، حکومت سنبھالنے کے بعد عوام سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے، میری ہیلپ لائن عوام کیلئے اور ہر طبقے کیلئے کھلی ہو گی، رسپانس ٹائم کو کم سے کم کیا جائے گا، ہم عوام کے خادم ہیں، کرسی اور مراعات لیکر نہیں بیٹھ سکتے، ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔

"رمضان ریلیف پیکیج"

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک رمضان ریلیف پیکیج "نگہبان" کے نام سے بنایا ہے، نگہبان پیکیج گھروں تک پہنچایا جائے گا، عوام کا حق دہلیز تک پہنچانا اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سستے رمضان بازار لگائیں گے جن کی مانیٹرنگ ہوگی، پرائس کنٹرول کمیٹیو ں کو بھی مانیٹر کریں گے، آج سے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ذمہ داریاں دے رہی ہوں، عوام کو اصل قیمت کے علاوہ ایک روپیہ بھی اوپر دینے کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 60ہزار ماہانہ تنخواہ والے لوگ مستحقین ہیں ،ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے، چیف سیکرٹری سے کہا ہے 3ماہ میں پورے پنجاب کا سروے ہونا چاہیے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے کس کو کس چیز کی ضرورت ہے۔

"میرٹ پر اترنے والے طلبہ کو وسائل فراہم کریں گے"

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ میرٹ پراترنے والے بچے کو حکومت پنجاب وسائل فراہم کرے گی، پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کو آگے بڑھائیں گے، ہمارےبہت سے نوجوانوں کے پاس صلاحیتیں ہیں، چاہتی ہوں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کو داخلہ ملے، ہماری معاشی صورتحال سب کو پتہ ہے، جو نوجوان میرٹ پر پورا اترے گا انٹرنیشنل یونیورسٹی کا خرچہ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس نوجوانوں کیلئے یوتھ لان پروگرام ہے، نوازشریف نے بھی یوتھ لان پروگرام شروع کیا تھا، ہم سود سے پاک قرض فراہم کریں گے، سمال بزنس لان،فری لیپ ٹاپس سکیم شروع کریں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور ٹیبلٹ چاہئیں تو فراہم کروں گی۔

"طلبہ کو الیکٹرک بائیکس فراہم کریں گے"

مریم نواز نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام میں نوجوانوں کو 25ہزار روپے دیئے جائیں گے، آئی ٹی کا شعبہ لو ہینگنگ فروٹ ہے، بھارت آئی ٹی میں ہم سے بہت آگے ہے، ہمارے پاس باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے، چاہتی ہوں نوجوان گھر بیٹھے کاروبار شروع کریں،وسائل ہم دستیاب کریں، نوجوان فری لانسنگ شروع کریں ہم سہولت فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک موٹربائیکس طلبہ اور نوجوانوں کو فراہم کریں گے،وزیراعلیٰ ہاؤس کے دروازے طلبا اور نوجوانوں کیلئے کھلے ہوں گے، طلبا اور نوجوانوں کیلئے سکیمز پر لائحہ عمل بنائیں گے اور ڈلیور کریں گے، خواب ہے پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے سکول سے باہر نہ ہو۔

"لاہور میں مفت وائی فائی فراہم کریں گے"

انہوں نے کہا کہ جو ہم پڑھا رہے ہیں اس کا معیار دنیا سے بہت پیچھے ہے، سرکاری سکول میں پڑھنے والے کی تعلیم کا معیار بھی پرائیویٹ جیسا ہونا چاہیے، دانش سکول شہبازشریف کا زبردست منصوبہ تھا، چاہتی ہوں پنجاب کے ہر ضلع میں ایک دانش سکول ہو، سکلز ڈویلپمنٹ کے جتنے بھی ادارے ہیں ان میں جدت لانے پر خصوصی توجہ ہوگی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں سپیشل بچوں کا اعلیٰ ادارہ بنے گا، ہم سپیشل بچوں کیلئے ٹرانسپورٹ اور ماحول کو بہتر بنائیں گے، صوبےمیں آئی ٹی سٹیز بنائیں گے، لاہور میں مفت وائی فائی فراہم کریں گے۔

"ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائیں گے"

مریم نواز نے کہا کہ صحت پر بہت کام ہوا ہے اور بھی بہت ہونے والا ہے،پنجاب کے ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائیں گے تاکہ مریض کو ایک شہر سے دوسرے شہر نہ جانا پڑے، پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں آج سے مفت دوائیاں فراہم کریں گے۔

"ایئرایمبولنس کے آغاز کا اعلان"

ان کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا کی تھی ذمہ داری ملی تو ایئر ایمبولینس شروع کروں گی، ہم کچھ ہفتوں میں پاکستان اور پنجاب کی پہلی ایئر ایمبولینس شروع کرنے جارہے ہیں، میں نے ہدایت کی ہے موٹروے پر جلد سے جلد 1122ایمبولینس سروس شروع کریں۔

"پنجاب کے عوام کیلئے صحت کارڈ لائیں گے"

صحت کارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کا پہلا صحت کارڈ 2015میں بنایا تھا، گزشتہ کئی سالوں میں صحت کارڈ کرپشن کا شکار ہوا، ہم جلد صحت کارڈ کو ری ڈیزائن کرکے پنجاب کے عوام کیلئے لے کر آئیں گے، ہم جلد رورل ہیلتھ سینٹرز میں میڈیکل کی تمام سہولیات لائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے نرسنگ کے شعبے کیلئے کام کیا ہے، ڈیمانڈ زیادہ ہے لیکن ہمارے پاس نرسز کم ہیں، ہمیں نرسنگ کیلئے تعلیمی ادارے قائم کرنے ہیں، چاہتی ہوں ہماری نرسز کی بھی ایسی ٹریننگ ہو جو بیرون ملک جاکر خدمات انجام دے سکیں، خواہش ہے نرسز کو سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں خواتین کے تحفظ کیلئے بہتر پنجاب بنانا چاہتی ہوں، ہر عورت کو محفوظ ماحول فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے، جتنے قرضے لڑکوں کو ملتے ہیں اتنے ہی خواتین کو بھی ملنے چاہئیں، کوشش ہوگی جہاں خواتین کام کرتی ہیں وہاں ڈے کیئر سینٹرہو۔

Install our App

آپ کی اس خبر کے متعلق رائے