26 Feb 2024
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد امیدوار مریم نواز پنجاب اسمبلی پہنچ گئیں۔
مریم نواز کا پنجاب اسمبلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، لیگی ارکان نے نعرے لگا کر استقبال کیا، ن لیگ کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ اپنی فیملی کے ہمراہ ایوان میں پہنچیں، والدہ کلثوم نواز کی تصویر بھی ساتھ لے کر آئیں۔
پنجاب اسمبلی آمد سے قبل مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے جاتی امرا میں دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر حاضری دی اور پھر اسمبلی کے لیے روانہ ہوئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج نو منتخب سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے رانا آفتاب کو نامزد کیا ہے۔