(لاہور نیوز)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت ہوا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا گیا جس میں مریم نواز 220 ووٹ لے کر پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بغیر ہی سیکرٹری کو کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔
اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بغیر ہی وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے کارروائی کی گئی۔
رائے شماری مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے 220 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل آفتاب احمد خان کوئی ووٹ نہ لے سکے۔
اعلان کے بعد مریم نواز وزیراعلیٰ کی نشست پر بیٹھ گئیں، اس موقع پر سپیکر اسمبلی نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
قبل ازیں آدھا گھنٹہ تاخیر سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے ووٹنگ کا طریقہ کار بتایا گیا اور کہا گیا کہ 5 منٹ کے وقفے کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔
ووٹنگ کا طریقہ کار بتائے جانے کے کچھ دیر بعد ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا، جس پر سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ جو کچھ ہوگا آئین کے مطابق ہوگا۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین کا واک آؤٹ
سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے نامزد وزیراعلیٰ رانا آفتاب احمد خان کو بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر شور شرابہ کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔
ہار جیت سیاست کا حصہ، واک آؤٹ نہیں کرنا چاہیے، مریم نواز
مسلم (ن) کی جانب سے وزیراعلیٰ کے عہدے کیلئے نامزد مریم نواز نے کہا ہے کہ ہار جیت سیاست کا حصہ ہے، واک آؤٹ نہیں کرنا چاہیے۔
مریم نوازشریف نے سپیکر سے درخواست کی کہ پہلے کوشش کی جائے اپوزیشن کو لیکر آئیں، ہم چاہتے ہیں سب ملکر چلیں، ایسے واک آؤٹ کرنا مناسب نہیں۔
ن لیگ کی نامزد وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہاریں یا جیتیں مقابلہ کریں، یہ جمہوریت کا حسن ہے، اپوزیشن کو بلوا کر بولنے کا موقع دیں، سپیکر صاحب آئین کے مطابق کارروائی جاری رکھیں۔
سپیکر کی رولنگ
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ مریم نواز نے خیر سگالی کا پیغام دیا جو قابل تحسین ہے، آپ کا رویہ اچھا ہے، آئین کا آرٹیکل 130 بولنے کی اجازت نہیں دیتا۔
سپیکر نے مریم نواز کی طرف سے سنی اتحاد کونسل کو منانے کی درخواست کو کارروائی کا حصہ بنانے سے روک دیا۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو واپس لانے کیلئے کمیٹی قائم
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو ایوان میں واپس لانے کیلئے کمیٹی قائم کردی، کمیٹی میں خواجہ سلمان رفیق،مجتبیٰ شجاع الرحمان، علی حیدر گیلانی، خواجہ عمران نذیر و دیگر شامل تھے۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی ایوان میں واپسی
سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے بائیکاٹ ختم کردیا، سپیکر کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو ایوان میں واپس لے آئی تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے دوبارہ واک آؤٹ کردیا۔
نومنتخب اراکین اسمبلی کا حلف
قبل ازیں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے باقاعدہ کارروائی کے آغاز سے قبل رہ جانے والے نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا گیا،اجلاس میں خضر حسین مزاری، طاہر قیصرانی نے حلف اٹھایا، سپیکر ملک احمد خان نے نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 327 ارکان اسمبلی نے حلف لیا تھا آج دو مزید نومنتخب اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تعداد 329 ہو گئی ہے۔
بعدازاں سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔