(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و نومنتخب رکن قومی اسمبلی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اس وقت ایوانِ صدر سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے، صدر مملکت اپنے عہدے سے انصاف نہیں کر سکے۔
پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ صدر علوی پاکستان تحریک انصاف کے عہدے داروں سے خفیہ ملاقاتیں کر رہے ہیں، عارف علوی قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلا رہے،قومی اسمبلی اجلاس کی سمری صدر مملکت کو بھیجی گئی لیکن صدر اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے سے گریزاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے تحریک انصاف کے کارکن بنے ہوئے ہیں، قومی اسمبلی کے ارکان کے نوٹیفکیشن ہوچکے ہیں، صدر مملکت اجلاس بلائیں، اگر انہوں نے اجلاس نہ بھی بلایا تو سپیکر قومی اسمبلی کو اجلاس بلانے کا اختیار حاصل ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہی ہوگا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک قیدی جس نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے اور اس الزام میں وہ جیل میں قید ہے آئی ایم ایف کو خط لکھنے جا رہا ہے،یہ قیدی کس حیثیت سے آئی ایم ایف کو خط لکھ رہا ہے؟ کیا یہ قیدی آئی ایم ایف کو اپنی کرپشن کے بارے میں بھی لکھے گا؟
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تو میثاقِ جمہوریت کی طرف جا رہے ہیں لیکن صدر مملکت جمہوریت کو پٹری سے ہی اتارنے پر تُلے ہوئے ہیں، صدر مملکت کا جب جی چاہتا ہے کہتے ہیں میں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے، جب جی چاہتا ہے ریاست مخالف بیانیے کو پروان چڑھاتے ہیں۔