(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایک خاتون وزیر اعلیٰ کی اگر توہین کی گئی تو برداشت نہیں ہو گا۔
پنجاب اسمبلی کےاحاطہ میں میڈیا سے گفتگو میں لیگی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کل وزیراعلیٰ بن جائیں گی، آج کاغذات نامزدگی جمع ہو گئے ہیں، کل دن 11بجے اجلاس میں قواعد وضوابط کے تحت وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کل کے اجلاس میں کوئی بدمزگی نہیں ہو گی، اپوزیشن اراکین پرامن رہیں گے، ایک خاتون وزیر اعلیٰ کی اگر توہین کی گئی تو برداشت نہیں ہو گا، امید ہے مخالفین ن لیگ کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں گے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کل حافظ فرحت پنجاب اسمبلی تشریف لائے تھے ،انہوں نے بے ہودگی کا مظاہرہ کیا، یہ ہاؤس بنی گالا نہیں، حافظ فرحت عباس آئندہ خیال رکھیں اور قد کے مطابق بات کریں تو بہتر ہو گا، میاں اسلم اقبال کسی نامعلوم مقام پر بیٹھ کر ٹک ٹاک کریں، اگر میاں اسلم اقبال اسمبلی آنا چاہیں تو آ جائیں ہم ان کو لینے بھی جاسکتے ہیں۔
لیگی رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ جو قانون کے آگے سرنڈر بھی نہیں کر رہے وہ ہمیں قانون نہ سمجھائیں، ایک سال پہلے اسمبلی توڑ دی گئی تھی جس کی مدت 5 سال تھی،ہم اسمبلی میں عوامی مسائل کی بات کرنا چاہتے ہیں نہ کہ قیدی نمبر 804 کی جو اب اس کی نہیں ہے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ آئینی طور پر انتخابات کے بعد 21 روز کے اندر اجلاس بلانا ہوتا ہے، صدر مملکت اگر جاتے جاتے اجلاس نہ بھی بلائیں تو اجلاس ہو گا، رانا ثنااللہ کے ہارنے کا مجھے بہت دکھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اور بانی پی ٹی آئی کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں، مریم کے ساتھ ان کے والد میاں نوازشریف کھڑے ہیں، مریم نواز کل وزیراعلیٰ منتخب ہو کر جلد رمضان پیکیج کا اعلان کریں گی۔