(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دھاندلی کا آڈٹ کروانے کے خواہشمند 2018 کے الیکشن سے آڈٹ کروائیں۔
بھٹہ چوک میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں نے انتخابات میں شکست کے بعد جیتنے والے امیدوار کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا جس جماعت کی حکومت نہیں بنی وہ دھاندلی کا الزام لگاتی ہے، ایک جماعت قانونی پلیٹ فارم کے بجائے الزام تراشی کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیتی ہے، ہم اس کا مقابلہ کام، کام اور صرف کام سے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اہمیت ہار جیت کی نہیں آپ کے نظریے کی ہے، ہم نے ماضی میں ہر ظلم سہا مگر نہ اپنا نظریہ بدلا اور نہ ہی راستہ، ہم نفرت کا مقابلہ نفرت سے نہیں کریں گے،ہم پی ٹی آئی والی زبان استعمال نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جن کو دھاندلی نظر آتی ہے اور جو دھاندلی کا آڈٹ کروانا چاہتے ہیں وہ 2018 سے کروائیں۔