تاریخ میں لکھا جائے گا ہاؤس مکمل ہونے کے بغیر سپیکر الیکشن کرایا گیا: عامر ڈوگر
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں تحفظات کے باوجود حصہ لیا ،تاریخ میں لکھا جائے گا کہ ہاؤس مکمل ہونے کے بغیر الیکشن کرایا گیا ۔
عامر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے نامزد امیدوار میاں اسلم اقبال کو ہاؤس میں بلانا چاہیے تھا ، میاں اسلم اقبال ہاؤس میں جب نہ آسکے تو نیا نام فائنل کرنا پڑا ،اب رانا آفتاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے امیدوار ہونگے ،یہ سب ہونے کے باوجود ہمارے ارکان پورے رہے ۔
پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ رانا آفتاب نے کہا کہ میں اپنی قیادت کا مشکور ہوں کہ مجھے وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ، ہم نے ہاؤس میں بتایا جب تک ہاؤس مکمل نہیں ہوتا اس کو چلایا نہیں جا سکتا ۔
ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ تمام ارکان اسمبلی سے گزارش ہے کہ ضمیر کے مطابق ووٹ دیں ،جو ہمارے ساتھ ہوا یہ تاریخ میں لکھا جائے گا۔