(لاہور نیوز) مہنگائی سے دیہاڑی دار طبقہ بری طرح متاثر ہے، اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے قوتِ خرید کو سکیڑ دیا۔
یومیہ اجرت پر کام کرنے والا دیہاڑی دار طبقہ اور متوسط گھرانے مہنگائی کا شکار ہیں، روزانہ استعمال کی اشیائے خورونوش کے دام دن بدن بے لگام ہونے لگے، سرکاری ریٹ لسٹ میں 6 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے۔
ادرک تھائی لینڈ 10 روپے بڑھا کر قیمت 450 روپے مقرر تاہم مارکیٹ میں ادرک 650 روپے کلو تک دستیاب ہے، سبز مرچ 5 روپے مہنگی، 225 روپے کے بجائے 260 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، ٹینڈے فارمی اور پھول گوبھی 120 روپے کلو، گھیا کدو 170 روپے فی کلو تک بک رہا ہے۔
پھل غریب کیلئے خواب بننے لگے، سرکاری ریٹ لسٹ میں 2 پھل بھی مہنگے ہو گئے، کینو 275 روپے کے بجائے مارکیٹ میں 400 روپے فی درجن تک بیچے جا رہے ہیں، ایرانی کھجور بھی 490 روپے کے بجائے 600 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
پولٹری مصنوعات بھی قوتِ خرید سے باہر ہیں، برائلر7 روپے سستا ہو کر بھی مہنگا، قیمت 634 روپے فی کلو مقرر جبکہ انڈے 239 روپے درجن کی سطح پر برقرار ہیں۔
شہری کہتے ہیں مہنگائی برداشت سے باہر ہو رہی ہے،قرضے حکمران لیتے ہیں اور خمیازہ مہنگائی کی شکل میں عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔