23 Feb 2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع پٹرول ایجنسی میں آگ لگنے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں پیش آیا جہاں ایک پٹرول کی ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو لپیٹ میں لے لیا، آگ کی زد میں آکر 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پا لیا، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں عزیز اور فریاد کو طبی امداد دی جا رہی ہے، مرنے والوں کی شناخت 45 سالہ قلندر اور 62 سالہ عبدالعزیز کے ناموں سے ہوئی ہے۔