(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنائے جانے کا امکان ہے۔
ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک پارٹی کارکن ہوں، جہاں لیڈر شپ حکم کرے گی وہاں کام کروں گا، اگر پارلیمنٹ میں ہلڑبازی،نعرے بازی اورشورشرابا ہوگا تو آپ خود منصف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج اور شر کے علاوہ کیا کیا ہے؟، اسلم اقبال کے خلاف مقدمہ نہیں ہے تو انہیں اسمبلی آنا چاہیے، بدقسمتی سے کچھ کردار سیاست میں عدم استحکام کا سبب بنتے ہیں، یہ کردار انجام تک پہنچیں گے، ملک میں استحکام ضرور آئے گا، اس طرح کے کردار کیفرکردار تک پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، ہم چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، جو کچھ 9مئی سے پہلے اور بعد میں دیکھا یہ ریاست اور عدالت کے خلاف سازش تھی۔
ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ بات چیت اس سے کی جاتی ہے جو بات چیت کرنے کیلئے تیار ہو، ایک گروہ اور طبقہ اگر اس بات پر اترا ہوکہ ہر حال میں تباہی کرنی ہے تو اس سے کوئی کیا بات کرے۔