(لاہور نیوز) نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح دس بجے ہو گا اس حوالے سے تمام نومنتخب اراکین اسمبلی کو آگاہ کردیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طلب کردہ اجلاس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے ، اسی طلب کردہ اجلاس میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔
یاد رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی پہلی صوبائی اسمبلی ہے جس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز حیدر ناصر رضوی نے آج ہونے والے اجلاس کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، پولیس افسران نے ڈی آئی جی کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
سید حیدر ناصر رضوی نے اجلاس کے موقع پر خصوصی سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔