(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت اورگردونواح میں کرائے کے قاتلوں( شوٹرز ) کے ذریعے قتل و غارت کا سلسلہ خطرناک حد تک بڑھنے لگا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 13 ماہ کے دوران لاہور و گردونواح میں قتل کی 573 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ سپیشل برانچ نے کچھ عرصہ قبل باقاعدہ اپنی رپورٹ میں لاہور میں 200 شوٹرز کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا،11 شوٹرز پولیس مقابلوں میں مارے گئے جبکہ 13 گرفتار ہو کر جیلوں میں بند ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق قتل کی سب سے زیادہ وارداتیں لاہورمیں رپورٹ ہوئیں، شہر میں107افراد کو نامعلوم افراد نے موت کے گھاٹ اتارا، 93 افراد کے ساتھ فیصل آباد دوسرے،گوجرانوالہ 66 قتل کی وارداتوں کےساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
ریکارڈ کے مطابق ملتان 66،سرگودھا 60،شیخوپورہ 46 اورگجرات میں 50 افراد قتل ہوئے جبکہ ساہیوال 34، راولپنڈی 26، بہاولپور 24 اور ڈی جی خان میں 21 افراد کو شوٹرز کے ذریعے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔