(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل کو پی ایس ایل 9 کا میچ دیکھنے کی دعوت دی جبکہ کرسٹن کے ہاکنز نے محسن نقوی کو کرکٹ بال کا تحفہ دیا۔
محسن نقوی نے 13ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون اور کرکٹ بال کے تحفے پر امریکی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا جبکہ امریکی قونصل جنرل نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پی ایس ایل 9 کے انعقاد کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں قونصلیٹ کے لئے اراضی آپ کا قابل تحسین اقدام ہے،آپ کی قیادت میں پنجاب کی ٹیم نے ڈلیور کیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کا لودھراں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے خصوصی رپورٹ بھی پیش کی، کرسٹن ہاکنز نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرا م کوسراہا۔
کرسٹن کے ہاکنز نے مزید کہا کہ لاہور میں بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا دورہ کیا بلاشبہ یہ آپ کا اچھا اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ پنجاب میں صرف 30 روز کے اندر 6 بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز فعال کئے،بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز پر 120 این او سیز کا اجراء صرف 15دن میں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی تیز رفتاری سے راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں،تینوں بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے فعال کئے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس امریکہ میں ہورہا ہے،امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، پاکستانی قوم کرکٹ اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔