(ویب ڈیسک) عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے درخواست خارج کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دوران سماعت نوٹس فراہمی کی وزارت دفاع کی رپورٹ بارے آگاہ کیا، نوٹس درخواست گزار کی فیملی ممبر ایک خاتون نے وصول کیا، ایڈیشنل سیشن جج اور متعلقہ ایس ایچ او کی رپورٹ کے مطابق نوٹس موصول نہیں کروایا جا سکا۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا رپورٹس کے مطابق نوٹسز کو آویزاں کر دیا گیا، درخواست گزار آج کی سماعت میں پیش نہیں ہوا، سپریم کورٹ کی فکسیشن برانچ کو درخواست گزار کی ای میل موصول ہوئی، درخواست گزار نے اپنا کیس واپس لینے کی استدعا کی۔
حکم نامے میں کہا گیا درخواست گزار نے اپنے آرمی رینک کے حوالے سے حقائق کو چھپایا، درخواست گزار نے اپنے آرمی کے سابق عہدے کو شہرت کیلئے استعمال کیا، درخواست گزار نے اپنے بیرون ملک جانے کی وجوہات بارے بھی آگاہ نہیں کیا، درخواست گزار کا رویہ بتاتا ہے کہ اس نے آئینی ادارے کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔
جاری کردہ حکم نامے میں مزید کہا گیا درخواست گزار تیس دن کے اندر سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کو برابر پانچ لاکھ کا جرمانہ ادا کرے گا، حکومت پاکستان یقینی بنائے کہ درخواست گزار اپنے نام کے ساتھ عہدے کا استعمال نہ کرے۔