(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم آخری گیند پر 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ملتان سلطانز نے 145 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی، ریضا ہینڈرکس 58 اور کپتان محمد رضوان نے 43 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز اچھی کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام ہوئے، اوپنر بلے باز ایلیکس ہیلس 2، کولن مونرو 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، آغا سلمان 52 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جورڈن کاکس 41، اعظم خان 13، کپتان شاداب خان 11، نسیم شاہ 2، فہیم اشرف ایک رن جبکہ عماد وسیم اور عبید شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی اور عباس آفریدی نے 3،3 ، اسامہ میر نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویلے نے ایک وکٹ حاصل کی۔