18 Feb 2024
(لاہور نیوز) نگران صوبائی کابینہ نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس رولز کی منظوری دے دی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 41 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نگران صوبائی کابینہ کے 39 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے امن عامہ کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اجلاس کے دوران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے سکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی۔