( لاہورنیوز) پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن پاماسیلز ٹیکس بڑھنے پر سراپا احتجاج بن گئی، کار ساز کمپنیوں نے وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو خط لکھ دیا۔
خط میں پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے 40 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی پر ٹیکس میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پاما نے خط میں کہا کہ حکومت کی جانب سے 40 لاکھ کی مالیت والی گاڑی پر سیلز ٹیکس بڑھنے سے مقامی فروخت متاثر ہوگی، گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے سے 4 ارب روپے کا ٹیکس حاصل کرنے کا حکومتی دعویٰ درست نہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مقامی کار ساز کمپنیاں مشکلات کا شکار ہیں، جولائی تا جنوری گاڑیوں کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت 47 فیصد کمی ہوئی ہے، جولائی تا جنوری مقامی طور پر ٹرک کی فروخت میں 59 فیصد کمی ہوئی۔پاما کے مطابق جولائی تا جنوری مقامی طور پر بسوں کی فروخت میں 55.8 فیصد کمی ہوئی، جولائی تا جنوری مقامی طور پر جیپ کی فروخت میں 49.6 فیصد کمی ہوئی۔