(ویب ڈیسک) پاکستان کے دنیا بھر میں مقبول گلوکار عاطف اسلم 7 سال بعد بھارت میں گلوکاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار عاطف اسلم 7 سال کے بعد ایک بار پھر بالی ووڈ میں سُروں کا جادو جگانے جا رہے ہیں، ان کی واپسی آنے والی فلم لو سٹوری آف 90s (ایل ایس او 90s) کے ذریعے ہو رہی ہے، گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں پرفارم کرنے پر عائد پابندی ختم کی گئی تھی جس کے بعد فلم کے ہدایت کار امت کساریا نے گلوکار سے رابطہ کیا۔
ہدایتکار امت کساریا نے بتایا کہ کسی نہ کسی کو یہ پہل تو کرنا ہی تھی اور اس ٹوٹے تعلق کو جوڑنا تھا، میں جانتا ہوں بہت سے لوگ میرا مذاق اُڑائیں گے مگر مجھے ایسا ہی کرنا تھا، یہ سادہ سی فیملی ڈرامہ فلم ہو گی جس سے دل والے دلہنیا لے جائیں گے کی یادیں تازہ ہو جائیں گی۔
ہدایت کار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کی ٹیم فلم کے مرکزی گیت کیلئے گانا ریکارڈ کروانا چاہتی تھی اور عاطف اسلم اس رومانوی گیت کیلئے بہترین انتخاب تھے، یہ فلم ایک ایسے شخص کے بارے میں ہے جو ایک معصومانہ سی زندگی گزارنا اور محبت میں گرفتار ہونا چاہتا ہے۔
امت کساریا نے مزید کہا کہ عاطف اسلم کو اگر یہ گیت پسند نہ آتا تو وہ اس گانے کیلئے آمادہ نہ ہوتے، میں نے انہیں یہ پیغام بھیجا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا معاملہ ہے، عاطف اسلم نے اس بارے میں سوچا اور مجھ سے بات کرنے کا فیصلہ کیا جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کو یہ گیت پسند آیا، میں نے کہا کہ ہمارے پاس اس گیت کو ریکارڈ کرنے کیلئے مختصر وقت ہے۔