(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 128 میں نتائج سے متعلق فارم 47 پر عمل درآمد روک دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 12 فروری کو فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ نے حلقہ این اے 128 کے نتائج جاری کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سلمان اکرم راجہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھاری اکثریت سے کامیابی کے باوجود نتائج روک دیئے گئے ہیں، استدعا ہے کہ عدالت ریٹرننگ آفیسر کو نتائج فوری جاری کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 128 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ کو آئی پی پی کے امیدوار عون چودھری کے ہاتھوں شکست کھانا پڑی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 128 سے آئی پی پی کے امیدوار عون چودھری 172576 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ سلمان اکرم راجہ 159024 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 128 میں آئی پی پی کی مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ تھی جس کی وجہ سے ن لیگ نے اس حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا اور گزشتہ روز نواز شریف اور شہباز شریف سمیت شریف برادری کے دیگر افراد نے اسی حلقے میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے تھے اور شیر کے بجائے عقاب پر ٹھپے لگائے تھے۔