شیخ رشید نے لال حویلی میں 9مئی کی پلاننگ کی تھی : وعدہ معاف گواہ کا عدالت میں بیان
(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کیخلاف 9 مئی کے مقدمات کا معاملہ، راولپنڈی کے حلقے این اے 53 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کرنل اجمل صابر بھی شیخ رشید کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے مقدمات پر سماعت ہوئی ، اجمل صابر نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے 6 مئی کو لال حویلی میں اجلاس بلایا تھا جہاں 9 مئی کی پلاننگ کی گئی تھی۔
بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں سابق سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، سابق ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور عمر تنویر بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے۔
ذرائع کے مطابق صداقت عباسی، واثق قیوم اور عمر تنویر بٹ نے عدالت میں 154 کا بیان ریکارڈ کرا دیا، تینوں گواہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی کی پلاننگ شیخ رشید، راجہ بشارت، راشد شفیق، اعجاز خان جازی، راشد حفیظ اور بانی پی ٹی آئی کی ایماء پر کی گئی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید اور راشد شفیق کو 6 فروری کو طلب کر لیا۔