(لاہور نیوز) ماضی کی حکمران جماعتیں این اے 120 کی حالت نہ بدل سکیں، ٹوٹی سڑکیں ،صاف پانی ، گیس کی عدم فراہمی حلقہ این اے 120 کی پہچان بن گئی ۔
دیہی علاقوں پر مشتمل این اے 120 کے عوام کی قسمت نہ مسلم لیگ ن کے دور میں بدلی اور نہ ہی پی ٹی آئی کا تبدیلی کا نعرہ اس حلقے کو سنوار سکا۔
پینے کےصاف پانی سے محروم اس حلقے کی بڑی آبادی کو گیس کی سہولت بھی میسر نہیں، سیوریج کے مسائل اورسڑکوں پر جمع پانی اس علاقے کی زبوں حالی کا پتا دیتے ہیں۔
موجودہ حلقہ این اے 120 سال 2013 کے الیکشن میں این اے 130 اور سال 2018 میں این اے 128 تھا اورہمیشہ مسلم لیگ ن کے نمائندے یہاں سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔
حلقہ این اے 120 میں ووٹرز کی کل تعداد تین لاکھ سے زائد ہے، موجودہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ایاز صادق ،پیپلزپارٹی کے منیر احمد اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عثمان حمزہ رکن قومی اسمبلی کے لیے امیدوار ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ الیکشن سے قبل تمام پارٹیوں کے لوگ شکل دکھاتے ہیں مگر بعد میں کوئی نہیں آتا۔
حلقہ این اے 120 میں 5 صوبائی حلقے بھی شامل ہیں، اس حلقے میں مناواں، بھسین پنڈ، جلو اور منالہ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں، جبکہ ارائیں، جٹ ،اعوان اور راجپوت برادری کا ووٹ زیادہ ہے۔