(لاہور نیوز) این اے 128 سے جماعت اسلامی کے امیدوار لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک پر چور مسلط رہے اس لیے یہاں غربت ناچ رہی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پی پی 169 کا دورہ کیا،پی پی 169 سے جماعت اسلامی کے امیدوار احمد سلمان بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے، دونوں رہنماؤں نے پوسٹل کالونی میں حافظ عمر کھوکھر کی جانب سے اہل علاقہ کے اعزاز میں دیئے گئے برنچ میں شرکت کی۔
جنرل سیکرٹری جامعہ پنجاب ایمپلائز یونین طیب اعجاز،صدر یوسی 216 مفتی محمد عمر،ناظمِ انتخاب پی پی 169 سید مستقیم معین، کمپین انچارج پی پی 169 جہانگیر ایثارو دیگر اور پوسٹل کالونی کے رہائشیوں نے بھرپور انداز میں برنچ میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمتوں اور محنتی لوگوں سے نواز رکھا ہےلیکن پھر بھی لوگ پریشان اور غربت ناچ رہی ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ملک پر چور مسلط رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان چوروں کی موجودگی میں ملک کو کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں، ہم آئیں گے تو ان چوروں کا گند صاف کریں گے۔
پی پی 169 سے جماعت اسلامی کے امیدوار احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ پوسٹل کے نظام کو حکمرانوں نے دیگر ریاستی اداروں کی طرح نوچا ہے، کوریئر کا نظام دنیا میں سائیکل سے موٹر سائیکل پر اور پھر جہاز پر منتقل ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں نے نہ پی آئی اے کو بچایا، نہ سٹیل مل کو سنبھالا اور نہ ہی پوسٹ کے نظام کو ٹھیک کیا،پوسٹل کالونی کے رہائشی آج بھی پانی کی ٹینکی سے پانی نہ آنے پر پریشان ہیں، عوام کو کسی حکومت نے کچھ نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے پانی سے کالونی بھر جاتی ہے، واسا کے پاس جاؤ کہتے ہیں ہمارا کام نہیں، کسی دوسرے ادارے کے پاس جاؤ کہتے ہیں وسائل نہیں ہیں، عوامی مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔