(دنیا نیوز) قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملی تو لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین چلائیں گے۔
سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے لیگی قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ باوفا اور بہادرلوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کے لوگ کہہ رہےہیں نواز شریف’ لویو‘ میں کہہ رہا ہوں ’لو یو ٹو‘۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف سے میرا تعلق زمانہ طالب علمی سے ہے، خواجہ آصف دوست،سیاست دان ہی نہیں بہترین انسان بھی ہیں، ہمارا خواجہ آصف کے ساتھ55 سال کا تعلق ہے،ہم نے اکٹھے گورنمنٹ کالج لاہور میں گریجویشن کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ سے مجھے عشق ہے، جب میں باہر سے آیا تو میں نے کہا کہ خواجہ صاحب ہم نے سیالکوٹ جانا ہے،سیالکوٹ موٹر وے ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا، اللہ نے پھر موقع دیا تو لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین چلائیں گے۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ کون کہتا ہے یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں ہے ،سارا جلسہ ہی 30سال سے کم عمر والے نوجوانوں کا ہے، ہم نوجوانوں کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، شہباز شریف نے نوجوانوں سے لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ کی بات کی ہے جوسب کو ملیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2017 کا پاکستان جو میں چھوڑ کر گیا تھا وہ نظر نہیں آتا، ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں، آج ہر نوجوان کے پاس روزگار ہونا چاہئے تھا، ہماری حکومت نہ ختم کی جاتی توآج سب کے پاس روزگار ہوتا۔
نوازشریف نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرول سب آپ کے بس سے باہر ہوگیا ہے، ان سے پوچھو جنہوں نے ملک کے ساتھ اتنا بڑاظلم کیا ہے، میرے ساتھ جو ظلم ہوا اس کو برداشت کرسکتا ہوں، آپ کے ساتھ جوظلم ہوا اس کوبرداشت نہیں کرسکتا۔