(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔
سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج عوام کا سمندر بتا رہا ہے 8 فروری کو جیت نواز شریف کی ہو گی، ہمارے مخالفین کہتے ہیں ن لیگ باہر نکل کر جلسے نہیں کرتی تو کیاہم کسی کمرے میں جلسہ کر رہے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں کہ تیر اور شیر میں کیا فرق ہے؟ میں کہتا ہوں تیر کے اوپر ایک اور نقطہ لگا دیں شیر بن جاتا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی مہربان جلسوں میں مزدور اور کسان کارڈ نکال کر دکھاتے ہیں، غور سے دیکھیں تو لگتا ہے یہ کوئی فٹ بال میچ کے ریفری ہیں، عوام کا سمندرآٹھ فروری کو ییلو کارڈ دکھا کر ان کو میدان سے باہر کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ گواہی دیتا ہے 8 فروری کو مخالفین کا جلوس نکل جا ئے گا،نواز شریف اور مسلم لیگ ن پھر وہی ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع کرے گی، جب نواز شریف پہلی بار وزیر اعظم بنے تو معیشت ترقی کرنے لگی، امریکی صدر نےایٹمی دھماکے نہ کرنے کے بدلے میں 5ارب ڈالرز کی آفر کی تھی لیکن نواز شریف نے آفر ٹھکرا دی۔
شہباز شریف کامزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کا نوجوان نواز شریف کی طرف دیکھ رہا ہے، 8 فروری کو اپنے مخالفین کو ہرائیں گے، نوجوانوں کے لیے جدید تعلیم ہوگی اور یہ نوجوان کسی بھی ملک کا مقابلہ کریں گے،خواجہ آصف نواز شریف کے کلاس فیلو ہیں اور میں ان کا احترام کرتا ہوں، انہوں نے کبھی نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔