(لاہور نیوز)مرکزی رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسائل جتنے بھی سنگین ہوں شیر مقابلہ کرے گا۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت میں اندرون لاہور کےعلاقے دہلی گیٹ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ریلی نکالی،ریلی میں مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی میں شریک کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور حمزہ شہباز کے پہنچنے پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا۔
مسلم لیگ ن کی ریلی میں سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کیلئے گھوڑیوں کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا تھا،اس موقع پر کارکن’’شیر آیا ، شیر آبا‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے، حمزہ شہباز کے خطاب کیلئے ترنم سینما چوک کے قریب سٹیج بنایا گیا تھا جبکہ ایک کارکن ریلی میں اصلی شیر بھی ساتھ لے آیا۔
ریلی کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جو پہلے دور میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا، کامیاب ہو کر اسے دوبارہ شروع کریں گے اور اس ملک کو قائداعظم کا خوشحال پاکستان بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، مسلم لیگ ن کے دورِ اقتدار میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا،اب ہماری جنگ مہنگائی اور غربت کے خلاف ہے ،مسائل جتنے بھی سنگین ہوں شیر مقابلہ کرے گا، 8فروری کو کامیاب ہوکر ملک سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند اور غربت کا خاتمہ کریں گے۔