ایپل واچ کی مدد سے پاکستانی نژاد ڈاکٹر راشد ریاض نے پرواز میں بزرگ خاتون کی جان بچا لی
(ویب ڈیسک) ایپل واچ کی مدد سے نیشنل ہیلتھ سروس کے ڈاکٹر راشد ریاض نے دوران پرواز بزرگ خاتون کی جان بچا لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی نژاد ڈاکٹر راشد ریاض اپنی چھٹیاں منانے برمنگھم سے ویرونا جا رہے تھے۔ ڈاکٹر راشد ریاض ایک پرواز میں موجود تھے جہاں 70 سالہ بزرگ خاتون کی اچانک طبیعت ناساز ہو گئی اور انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔
پرواز میں موجود فلائٹ اٹینڈنٹ نے کسی ڈاکٹر کے موجود ہونے کا پوچھا تو پاکستانی نژاد ڈاکٹر راشد ریاض مدد کیلئے سامنے آئے، ڈاکٹر راشد نے فلائٹ اٹینڈنٹ کے ہاتھ میں ایپل واچ دیکھ کر ان سے واچ مانگی اور مریض کا آکسیجن لیول چیک کرنے کیلئے مقامی ہیلتھ مانیٹرنگ سافٹ ویئر استعمال کیا۔
اس دوران ڈاکٹر راشد ریاض نے دریافت کیا کہ بزرگ خاتون دل کے عارضے میں مبتلا ہیں اور ایپل واچ کی مدد سے انہیں بزرگ خاتون کا آکسیجن لیول کم ہونے کا علم ہوا۔ اس کے بعد خاتون کو جہاز میں آکسیجن فراہم کر کے ان کی جان بچائی گئی۔