(لاہور نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) الیکشن سے قبل تاجروں کیلئے ریٹیلر سکیم متعارف کرائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تاجروں کی رجسٹریشن کیلئے "تاجر دوست" موبائل ایپ تیار کرلی، ٹیکس نیٹ سے باہر تاجروں کو دوست ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا، دوست ایپ کے ذریعے دکانداروں کی آمدن کا ریکارڈ ایف بی آر کو موصول ہو گا۔
ایف بی آر ذرائع نے بتایا ہے کہ ریٹیلرز پر دکان کے سائز اور سالانہ آمدن کے مطابق ٹیکس عائد ہو گا جو ماہانہ بنیادوں پر وصول کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں ریٹیلرز پر ٹیکس لگا کر 100 ارب روپے ریونیو متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں دیگر شہروں کے تاجروں کیلئے سکیم میں رجسٹریشن شروع کی جائے گی، ملک بھر کے 35 لاکھ ریٹیلرز پر ایف بی آر نے ٹیکس لگانے کیلئے سکیم تیار کی ہے، ملک بھر کے ریٹیلرز پر ٹیکس عائد کیے جانے سے تقریبا 300 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ سکیم کے تحت تمام شعبوں سے منسلک کاروباری افراد پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔