(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ زیادہ وقت بیٹھے رہنے کی عادت قبل از وقت موت سمیت متعدد جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھاسکتی ہے۔
ماہرین کا اپنی تحقیق میں کہنا تھا کہ جو لوگ دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 16 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔تحقیق کے دوران سست طرز زندگی یا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے لگ بھگ 5 لاکھ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ بیٹھ کر گزارے جانے والا وقت اور طرز زندگی کے دیگر عناصر صحت پر کس حد تک اثر انداز ہوتے ہیں؟ان افراد کی صحت کا جائزہ 20 سال تک لیا گیا جبکہ جنس، عمر، تمباکو نوشی اور جسمانی وزن جیسے عناصر کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
اس عرصے میں 26 ہزار سے زائد افراد کا انتقال ہوا جن میں سے 57 فیصد ایسے تھے جو دن کا زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ 34 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کی عادت کو بیشتر افراد جدید طرز زندگی کا عام حصہ سمجھتے ہیں اور اس پر توجہ مرکوز نہیں کرتے۔محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بیٹھنے کے وقت میں کمی اور جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ قبل از وقت موت اور دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ اگر آپ کو اپنے کام کی وجہ سے دن بھر کئی گھنٹے بیٹھنا پڑتا ہے تو روزانہ 15 سے 30 منٹ کی ورزش کو عادت بنالیں تاکہ قبل از وقت موت اور جان لیوا امراض کا خطرہ کم ہوسکے۔