(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ ایروبکس ورزش موٹاپے کے شکار افراد کو وزن کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
تحقیق میں سائنس دانوں نے بتایا کہ 10 مطالعوں پر کیے جانے والے ریویو میں اس بات کی جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ مطالعوں میں شامل وہ افراد جنہوں نے 4 ہفتوں تک ہفتے میں3 بار ایروبکس یا زومبا کی کلاسز میں شرکت کی تھی ان کے موٹاپے میں واضح کمی کا مشاہدہ کیا گیا تھا۔
تحقیق کے مطابق 45 سال سے کم عمر افراد میں اس طرح کی ورزش کے واضح مثبت اثرات دیکھے گئے۔ ساتھ ہی جسامت پر بھی مفید اثرات مرتب ہوئے۔ محققین نے زائد وزن یا موٹاپے کےشکار 646 افراد جن کی عمر 21 سے 71 سال کے درمیان تھی کا جائزہ لیا۔ان افراد میں سے 321 نے ایروبکس، زومبا یا روایتی رقص جیسی ڈانس کلاسز میں شرکت کی جبکہ دیگر شرکاکنٹرول گروپ کا حصہ بنے۔ہر کلاس کا دورانیہ 40 سے 90 منٹ کے دوران تھا، جو ہفتے میں تین سے پانچ بار ہوتی تھیں۔
کنٹرول گروپ میں موجود افراد نے اپنے معمول کی طرزِ زندگی برقرار رکھی جن میں چہل قدمی اور دیگر اقسام کی ورزش جیسے جسمانی سرگرمیاں شامل تھیں۔تحقیق میں دونوں گروہوں کا آٹھ سے 12 ہفتوں تک معائنہ کیا گیا جبکہ چند افراد کو ایک سال تک زیر مطالعہ رکھا گیا۔تحقیق کے نتائج نے بتایا کہ ڈانس گروپ میں موجود افراد نے کنٹرول گروپ ممبران کے مقابلے میں اوسطاً 1.92 کلو گرام وزن کم کیا۔