(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی۔
قومی کرکٹر نے کہا ہے کہ مجھے اپنا ملک چھوڑنے کی خبروں کا سن کر یقین ہی نہیں آرہا اور میں بہت پریشان ہوں، لیکن میں یہاں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں میرے متعلق گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چھوڑنا تو دور کی بات ہے میں اپنا ملک چھوڑنے کا خیال بھی دماغ میں نہیں لا سکتا۔ سرفراز احمد نے میڈیا سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی من گھڑت خبریں چلانے سے پہلے مجھ سے تصدیق کر لینی چاہیے تھی ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں زیر گردش تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد دلبرداشتہ ہو کر پاکستان چھوڑ رہے ہیں ۔
ذرائع نے اس حوالے سے بتا یا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ملک میں اپنے مستقبل سے متعلق مایوس ہو کر پاکستان چھوڑ دیا ہے اور وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ برطانیہ منتقل ہو گئے ہیں۔
جبکہ انہوں نے قومی کرکٹ سے تعلق برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے میچز میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔