(ویب ڈیسک) بھارت کے مشہور شاعر جاوید اختر کا کہنا ہے کہ اردو رسم الخط کے خاتمے کی ذمہ دار حکومت نہیں خود اردو کے ٹھیکیدار ہیں۔
جاوید اخترنے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اردو کو صرف مسلمانوں کی اور ہندی کو صرف ہندوؤں کی زبان کہنا درست نہیں، اردو صرف مسلمانوں کی زبان نہیں ہے اسے سیاسی بنیادوں پر صرف مسلمانوں سے منسوب کیا گیا ہے، اردو کے زوال اور اردو رسم الخط ختم ہونے کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو خود کو اردو زبان کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں۔
بالی ووڈ کے متعدد مقبول گانوں کے خالق جاوید اختر کا مزید کہنا تھا کہ زبان کا تعلق مذہب سے نہیں خطے سے ہوتا ہے، اگر زبان مذہب سے متعلق ہوتی تو پورا یورپ اور دنیا کے مختلف ملکوں میں رہنے والے مسیحی صرف انگریزی بولتے لیکن ایسا نہیں ہے۔
جاوید اختر کا مزید کہنا تھا کہ اردو کسی اور جگہ سے نہیں آئی بلکہ یہ ہماری اپنی زبان ہے اور ہندوستان اور پاکستان میں بولی جاتی ہے اس خطے سے باہر نہیں۔