(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے ٹی 20 میں بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کامیاب ہونے کی وجہ بتا دی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےسابق کپتان نے پاکستان کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز میں شکست پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
سلمان بٹ نے کہا کہ دنیا میں دوسری ٹیموں کے کھلاڑی دیکھیں تو ان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو سٹرائیک ریٹ بھی بہتر کرنا جانتے ہیں اور گراؤنڈ شاٹ کھیلنا بھی جانتے ہیں، ولیمسن اچھے سٹروکس کھیلتے ہیں، اگر بھارت کے کھلاڑیوں کو دیکھیں تو وہ بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس ہمارے کھلاڑیوں کو دو ہی جگہ نطر آتی ہیں ایک مڈ وکٹ اور دوسرا کریز سے باہر نکل کر مارنا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ گراؤنڈ کے چاروں اطراف سٹروکس کھیلنا بڑی کرکٹ کھیلنے سے آتا ہے، بابر اور رضوان کی جوڑی اس لیے زیادہ کامیاب ہے کہ وہ گراؤنڈ شاٹ بھی کھیلتے ہیں لیکن جب آپ ایسے کھلاڑی پر بھروسہ کریں گے جو ٹیکنیکلی ساؤنڈ پلیئر نہیں ہے، پھر جب وہ آتے ہیں تو 14 سے 15 کا رن ریٹ درکار ہوگا تو ان کے لیے ایسی کنڈیشن میں میچ جتوانا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سلمان بٹ نے کہا کہ ٹیم میں ابھی ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے کھلاڑی ہی کھیل رہے ہیں لیکن آپ سلیکشن میں پی ایس ایل کو بنیاد نہ بنائیں فرسٹ کلاس کرکٹ کی کارکردگی لازمی دیکھیں۔