(لاہور نیوز) سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کو ’بلے‘ کا انتخابی نشان واپس کرنے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر آج پھر سماعت ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے وکیل مخدوم علی خان نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر سوالات اٹھائے تھے، پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے بھی عدالت کے سامنے انٹراپارٹی انتخابات کی شفافیت بارے تفصیلات پیش کیں۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ میں معاملہ زیر التواء رکھ کر پشاور ہائیکورٹ کیسے پہنچے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات وفاقی اور صوبائی تمام عہدیداروں کا ایک ہی چیف الیکشن کمشنر نے نوٹیفکیشن کیسے کیا، کیا وفاقی اور دیگر صوبوں کے الیکشن کمیشن کے ممبران موجود تھے یا نہیں؟
جسٹس مسرت ہلالی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ چھوٹے سے گمنام گاؤں میں انتخابات کیوں کروائے، جس پر پی ٹی آئی وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ پشاور کے علاوہ کہیں اور سکیورٹی فراہم نہیں کی جا رہی تھی۔
یاد رہے کہ 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔
26 دسمبر کو پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی سے ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔