(ویب ڈیسک) پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے سُپر سٹار فواد خان نے اپنی ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ دوبارہ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
حال ہی میں فواد خان نے اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ کم کام کرنے اور ان کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں بات کی۔
فواد خان نے کہا کہ جب دو فنکار ایک ساتھ زیادہ کام کرتے ہیں تو اس سے اُن کی ڈیمانڈ کم ہوجاتی ہے، اسی طرح اگر میں ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بات کروں تو ہم دونوں کے درمیان عزت کا رشتہ قائم ہے اور یہ رشتہ اتنا گہرا ہے کہ اگر اب ہم ایک ساتھ کام کریں گے تو ہمیں زیادہ محتاط رہنا پڑے گا۔
اداکار نے کہا کہ جب آپ کسی ایسے انسان کے ساتھ زیادہ کام کرتے ہیں جس کے ساتھ آپ کا عزت کا مضبوط رشتہ قائم ہو تو پھر آپ کے تعلقات پیچیدہ ہوجاتے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہمیں کام کی وجہ سے رشتوں کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ماہرہ خان کے ساتھ زیادہ کام نہیں کیا کیونکہ ہم ہمارا عزت کا رشتہ خراب نہیں کرنا چاہتے اور میں یہ بھی نہیں چاہتا کہ ہم دونوں یہ سوچیں کہ ہم ایک دوسرے کا استعمال کررہے ہیں۔
فواد خان نے ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام سے بہت لگن رکھتی ہیں، وہ ایک مشین کی طرح کام کرتی ہیں، وہ امریکی اداکارہ میریلین منرو کی طرح قابل ہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ ماہرہ خان انتھک محنت کرتی ہیں اور میں نے ماہرہ خان کا جذبہ کام کے دوران دیکھا ہے۔
واضح رہے کہ 2011ء میں ٹیلی ویژن سکرین پر مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑنے والے ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ میں فواد خان اور ماہرہ خان کی اداکاری آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے، یہ ڈراما پاکستان سمیت بھارت اور بنگلادیش میں بھی کافی مقبول ہوا تھا۔