(ویب ڈیسک) روزانہ گھر سے باہر چند منٹ کی چہل قدمی انسانی صحت کیلئے نہایت مفید ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر گھر سے باہر صرف چند منٹ کی واک انسان کے جسم اور ذہن دونوں پر ہی اپنے حیران کن فوائد مرتب کرتی ہے۔ اگر ورزش کیلئے وقت نکالنے میں دشواری کا سامنا ہے تو چند منٹ کی واک سے ہی فائدہ اٹھا لیا جائے۔
دل کی صحت میں بہتری
طبی ماہرین کے مطابق چند منٹ کی چہل قدمی سے بلڈ پریشر کی سطح کم ہوتی ہے اور دل کی دھڑکن کے افعال بہتر ہوتے ہیں جو امراض قلب کا خطرہ کم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ روزانہ چند منٹوں کی تیز رفتاری سے چہل قدمی دل سے منسلک متعدد مسائل سے بچنے میں کارآمد ہوتی ہے۔
پھیپھڑوں کے افعال میں بہتری
طبی ماہرین کے مطابق چہل قدمی سے تازہ ہوا میں سانس لینے میں مدد ملتی ہے جو پھیپھڑوں کے افعال میں بہتری لاتے ہیں۔ ایسا کرنے سے پھیپھڑوں کی گنجائش میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ زیادہ ہوا بھرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
جسمانی مضبوطی میں اضافہ
طبی ماہرین کا کہنا ہے چار دیواری سے باہر نکل کر چہل قدمی کرنے سے جسم کو زیادہ کیلوریز جلانے کا موقع ملتا ہے جس سے جسمانی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے، مسلز کے افعال میں بہتری آتی ہے اور جسمانی توازن مستحکم ہوتا ہے۔
تناؤ کو قابو میں رکھنے کا باعث
روزانہ چہل قدمی کرنے سے تناؤ کے حوالے سے جسمانی ردعمل بہتر ہوتا ہے۔ باہر کا ماحول زندگی کے روزمرہ کے معمولات سے ہونے والی دماغی تھکاوٹ کو کم کرتا ہے اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ جسم بھی پُر سکون محسوس کرتا ہے۔ تحقیق سے بھی ثابت ہے کہ چند منٹ کی چہل قدمی سے جسمانی تناؤ میں کمی لانا ممکن ہے۔
نیند میں بہتری کا باعث
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ چہل قدمی سے انسان کی نیند کے معیار میں بہتری آتی ہے۔ گھر سے باہر چہل قدمی سے فائدہ ہوتا ہے اور نیند کے مسائل پر قابو پانے میں آسانی ہوتی ہے،دائمی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے اور صحت بہتر ہوتی ہے۔