(لاہور نیوز)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کے بعد گراؤنڈ فلور پر مریضوں کا علاج شروع ہو گیا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے علی الصبح پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور پی آئی سی کولیکشن سنٹر و سرائے کی تعمیر کا جائزہ لیا، پی آئی سی مینجمنٹ ،چیف انجینئرز اور دیگر افسران بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ پی آئی سی ایمرجنسی کے گرد ٹریفک ری ویمپنگ سے ایمبولینسز اور گاڑیوں کو رواں راستہ مہیا ہوگیا ہے،ایمبولینسز و گاڑیوں کے داخلہ، اخراج و پارکنگ کیلئے علیحدہ علیحدہ روٹس سے رکاوٹ ختم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں ایمرجنسی کے سامنے ہارٹی کلچر ورک میں مزید بہتری لائی جارہی ہے،پی آئی سی کی سرائے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، یہ لوگوں کیلئے بہت بڑی سہولت کا باعث ہوگی۔
محمد علی رندھاوا کا مزید کہنا تھا کہ نئے ٹریفک پلان کے تحت مریضوں اور ایمبولینسز کو رکاوٹ صفر ہوگئی۔