(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال نے کہا ہے کہ کرکٹ میرا جذبہ ہے اور میں بڑی محنت کرکے یہاں تک آیا ہوں۔
سڈنی ٹیسٹ کا پہلا روز ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل راؤنڈر عامر جمال نے بتایا کہ انہیں اندازہ تھا کہ آسٹریلوی باؤلرز باؤنسرز کریں گے اس لئے وہ طے کرکے گئے تھے جو مرضی کرلیں انکے باؤنسرز کا مقابلہ کروں گا۔
آل راؤنڈر نے بتایا کہ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلتے وقت کہا تھا کہ میں جو بھی رنز بناؤں گا کوشش ہوگی کہ میری ٹیم کے کام آئیں اور آج مجھے خوشی ہے کہ میرے رنز کی وجہ سے ٹیم مشکل صورتحال سے نکلی۔
عامر جمال کا کہنا تھا کہ بابراعظم اچھا کھیل رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کے آؤٹ پر امپائر کال نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں عامر جمال نے 97 گیندیں کھیل کر 82 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کی اننگ میں 9 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے۔