(لاہور نیوز) لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ ن ہاؤس جلانے کے کیس میں ملزمہ صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں مزید ایک روز کی توسیع کر دی۔
پولیس نے ملزمہ صنم جاوید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا، ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج سید اظہر علی جعفری نے کیس پر سماعت کی اور ملزمہ کی جانب سے وکیل شکیل احمد پاشا نے دلائل دیئے۔
دوران سماعت پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ صنم جاوید سے تفتیش اور برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
پہلے عدالت نے پولیس کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا مگر بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں مزید ایک روز کی توسیع کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صنم جاوید نے کہا ہے کہ جس حلقے سے مریم نواز الیکشن لڑے گی اسی حلقے سے میں سامنے آؤں گی۔
صنم جاوید نے مزید کہا ہے کہ مجھے نہیں سمجھ آ رہا کہ ان کو ڈر کس چیز کا ہے، کاغذات بھی مسترد کرانے ہیں اور ضمانتیں بھی کینسل کرانی ہیں پھر کس چیز کا ڈر ہے۔